اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا نے آج مرکزی حکومت کی جانب سے 12 ویں جماعت کے امتحانات کی منسوخی کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ' طلباء کی صحت اور تحفظ کے لیے بارہویں بورڈ کے امتحانات کی منسوخی ایک اہم فیصلہ ہے، جس کا ہم استقبال کرتے ہیں۔
وباء کے آغاز سے ہی کئی بار خطوط کے ذریعہ ایس آئی او مرکزی حکومت سے مطالبہ کرتی آئی ہے کہ امتحانات کی منسوخی کا اعلان کیا جائے۔ اس فیصلے میں تاخیر کی وجہ سے طلبہ کی تعلیمی سفر کے دوران انہیں پریشانیوں سے دورچار ہونا پڑا۔' اس سے سیاسی قائدین اور حکومت کی طلبہ کے تعلیمی و فلاحی مسائل کے حل کے تئیں ترجیحات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت نے کورونا سے پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کے بارہویں جماعت کے امتحانات منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔