ریاست ہماچل پردیش کے سیاحتی مقام دھرم شالا کے میک لوڈ گنج میں پھنسے غیرملکی شہریوں کو لاک ڈاؤن کی وجہ سے دہلی روانہ کر دیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق دھرم شالا میں پھنسے غیر ملکی شہریوں نے بھارت میں واقع ان کے سفارتخانوں سے رابطہ کیا تھا۔ بہت سے ممالک خصوصی پروازوں کے ذریعے اپنے شہریوں کو واپس لے جا رہے ہیں۔
اس پر کانگڑا پولیس کو بھی ایک درخواست موصول ہوئی جس پر پولیس نے صرف متعلقہ سفارتخانے سے کوآرڈینیٹ کیا ہے اور سفارتخانے کے ذریعہ دیگر تمام کارروائی انجام دی گئی ہے۔
سفارت خانہ اپنے لوگوں کو دہلی لے گیا ہے جہاں سے وہ اپنے اپنے ممالک سے خصوصی پروازوں کے ساتھ روانہ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق 44 غیر ملکی شہریوں کو آج دہلی روانہ کیا گیا جن میں 20 فرانس، 12 جرمنی اور باقی دیگر ممالک کے شہری شامل ہیں۔
ایس پی کانگرا ومکت رنجن نے بتایا کہ میک لوڈ گنج میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے تمام غیر ملکی اپنے اپنے مقامات پر تھے جنہیں خصوصی طور پر پولیس گاڑیوں میں کرکٹ اسٹیڈیم لایا گیا تھا اور پھر انہیں وہاں سے آگے بھیجا گیا۔ ان کے سفارتخانے کو یہ بھی بتایا گیا ہے کہ میک لوڈ گنج میں ایک شخص کی ہلاکت ہوئی ہے جس کی وجہ سے پورا میک لوڈ گنج لاک ڈاؤن ہے اور سفارتخانہ جو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنا چاہتا ہے، وہ کر سکتا ہے۔