قومی دارالحکومت دہلی سے متصل نوئیڈا میں ہڑتال پر بیٹھے کسانوں نے نوئیڈا چلہ دہلی سرحد دوبارہ بند کردیا ہے اور اس کے ساتھ ہی کسانوں نے نعرے بازی بھی شروع کردی ہے۔
کسانوں نے نوئیڈا دہلی شاہراہ دوبارہ بند کردیا کسانوں کا الزام ہے کہ مختلف اضلاع سے آنے والے کسان رہنماؤں اور کارکنوں کو پولیس بلا جواز روک رہی ہے۔
کسانوں نے کہا کہ ایکسپریس وے سے آنے والے کسانوں کو روکا جا رہا ہے، اس لیے سرحدی شاہراہ بند کرکے حکومت کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ اپنی من مانیوں پر قدغن لگائے۔
کسانوں نے انتباہ دیا ہے کہ اگر حکومت ایسا ہی کرتی رہی تو دیگر صورت میں تحریک میں مزید شدت آتی جائے گی۔
مختلف اضلاع سے آنے والے کسان رہنماؤں اور کارکنوں کو پولیس بلا جواز روک رہی ہے۔ واضح رہے کہ موقع پر کثیر پولیس فورس تعینات ہے اس کے باوجود نوئیڈا سے دہلی جانے والا راستہ بند کردیا گیا۔
کسانوں کے مشترکہ محاذ نے کل ہی اعلان کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ اگر کسانوں کو احتجاج میں شامل ہونے سے روکا گیا تو اترپردیش کے کسان نوئیڈا دہلی سرحدی شاہ راہ بند کر دیں گے جس کے بعد مقامی انتظامیہ نے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی تھیں، لیکن کسانوں کے احتجاج اور عزم کے سامنے تمام تیاریاں دھری کی دھری رہ گئیں۔
پولیس اور انتظامیہ محض تماشائی بنی تماشہ دیکھتی رہ گئی، کسانوں کے مشترکہ محاذ نے الزام عائد کیا تھا کہ کچھ لوگ تحریک کو کمزور کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں، لہذا اس نے خود ذمہ داری سنبھالی ہے۔
واضح رہے کہ کل اترپردیش کے مختلف اضلاع سے کسان تنظیموں کی نوئیڈا آمد اور دہلی میں داخل ہونے کی کوشش سے حالات کشیدہ ہوگئے تھے اور ہنگامہ آرائی کے باعث سڑک جام ہوگئی اور شاہراہوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔