اس سلسلے میں گذشتہ دنوں اوکھلا کے شاہین باغ کے 9 نمبرکے پاس واقع آصف محمد خان کے آفس پر کونسلر چودھری زبیر احمد کو شاندار استقبالیہ دیا گیا۔ پروگرام میں کانگریس کے ریاستی صدر چودھری انل کمار، سابق رکن اسمبلی آصف محمد خان سمیت سینئر کانگریسی رہنماؤں و کارکنان نے شرکت کی۔
کانگریس کے نو منتخب کونسلر کو شاہین باغ میں استقبالیہ اس موقع پر کانگریس کے ریاستی صدر انل چودھری نے دہلی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ' کیجریوال رنگ بدلنے میں بہت ماہر ہیں'۔ دہلی فساد معاملہ میں کپل مشرا پر مقدمہ چلانے کے لیے ان کے پاس اختیارات نہیں تھے، لیکن طاہر حسین پر ایف آئی آر درج کرانے کے لیے اختیار کہاں سے آگئے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے کئی سوالات ہیں جو ان کی حقیقت کو اجاگر کرتے ہیں'۔اس موقع پر اوکھلا کے سابق رکن اسمبلی آصف محمد خان نے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ' اوکھلا سمیت پوری دہلی میں جو بھی ترقیاتی کام ہوئے ہیں وہ سب کانگریس کی سابق وزیر اعلیٰ شیلا دیکشت کی دین ہے'۔ انہوں نے کہا کہ' دہلی کے جے جے کالونیوں کو مفت میں زمین دی ۔ آج وہ آرام سے خوشحال زندگی گزاررہے ہیں'۔انہوں نے کہا کہ' دہلی کی سڑکوں پر دوڑتی ہوئی خوبصورت اورچمچماتی ڈی ٹی سی کی بسیں کانگریس پارٹی کی دین ہے'۔آصف محمد خان نے کہا کہ' ہمارا ملک گنگنا جمنی تہذیب کا گہوارہ ہے۔ عید اور ہولی مل جل کر مناتے ہیں کیونکہ نفرت وعداوت ملک وقوم کے لیے زہر ہے'۔اس موقع پر دہلی پردیش کانگریس صدر انل چودھری نے کہا کہ' آصف محمد خان سے ہمارا بہت پرانا اور گہرا تعلق ہے انہوں نے کہا کہ آصف بھائی بے باک لیڈر ہیں وہ گرجتے بھی اور برستے بھی ہیں'۔اس موقع پر اوکھلا اسمبلی حلقہ سے تمام سرگرم کانگریسی کارکنان سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھے'۔