دہلی میں کورونا کے معاملات میں حیرت انگیز اضافہ کے مد نظر زیادہ سے زیادہ احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں۔ مساجد میں نمازیوں کو مختصر نماز پڑھنے اور عبادت کرنے کی اجازت ہوگی مگر اس کے لئے نمازیوں کو حد درجہ احتیاط برتنا ہوگا۔
قومی دارالحکومت میں مساجد کھولنے کی تیاریاں شروع شاہی فتح پوری مسجد کے امام مفتی مکرم نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ عام نماز کے لیے کئی اہم ہدایات جاری کی گئی ہیں جس میں سب سے اہم یہ ہے کہ نمازی باوضو ہو کر اپنے ساتھ مصلیٰ لے کر آئیں، مسجد میں داخل ہونے سے قبل اپنے آپ کو سینیٹائز کریں۔ ان کے لئے ماسک لگائے رکھنا ضروری ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ 8 جون سے ہم نمازیوں کو داخلہ کی اجازت دیں گے۔ بچوں اور بزرگوں کا داخلہ بالکل ممنوع ہوگا۔ حوض بند رہیں گے۔ بہت ہی استثنائی حالات میں وضو خانہ سے وضو کرنے کی اجازت ہوگی۔
مفتی مکرم نے نمازیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مسجد پہنچ کر تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں، لوگوں سے مصافحہ نہ کریں، امام سے بھی دوری بنائے رکھیں۔
شاہی امام کا کہنا ہے کہ دارالحکومت کے حالات بہتر نہیں ہیں، اس لئے تمام نمازیوں کی ذمہ داری ہے کہ کسی بھی طرح کی کوئی بھول چوک نہ ہو۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی صحت کا دھیان رکھیں اور عبادات کا اہتمام کریں۔