نئی دہلی: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سربراہ مایاوتی نے مرکز میں برسر اقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اپوزیشن پارٹی کانگریس پر ذات پرست، سرمایہ دار پسند اور تنگ نظر ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے جمعہ کے روز کہا کہ دونوں پارٹیاں ملک میں کروڑوں غریبوں، مظلوموں، محروموں اور حاشیہ کے طبقات کے عوام کی عزت نفس کی پرواہ نہیں کرتیں۔
مایاوتی نے بی ایس پی کے بانی دلت رہنما کانشی رام کی برسی کے موقع پر منعقد ایک پروگرام کے بعد صحافیوں سے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی ذات پرست، سرمایہ دار پسند اور تنگ نظر ذہن کی پارٹی ہے جو پردے کے پیچھے سے ان طبقات کے کچھ خود غرض، لالچی اور بکاؤ لوگوں کو استعمال کرکے ان کے ووٹوں کو منتشر کرنے کی پوری کوشش کرتے ہیں۔ یہ دونوں پارٹیاں بی ایس پی کو نقصان پہنچاتی ہیں۔