کٹاریا نے بارش کے پانی کے تحفظ سے متعلق تمام ممبران پارلیمنٹ کو خط لکھا - دہلی
وزیرمملکت برائے جل شکتی رتن لال کٹاریا نے تمام ممبران سے بارش کے پانی کے تحفظ میں تعاون کے لئے آگے آنے اوروزیراعظم نریندرمودی کی اپیل کے تحت جل شکتی مہم-2 میں سرگرم ہوکر اہم کرداراداکرنے کی درخواست کی ہے۔
مسٹر کٹاریا نے منگل کو اس تعلق سے راجیہ سبھا اور لوک سبھا کے تمام ممبران پارلیمنٹ کو لکھے خط میں ان سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے پارلیمانی حلقے میں بارش کے پانی کے ذخیرہ کے لئے ’برانڈ امبیسڈر‘ کا کردار ادا کریں تاکہ لوگ اس سے متاثر ہو کر مانسون میں بارش کا پانی برباد ہونے سے بچانے کے لئے تالاب وغیرہ میں بارش کے پانی کا تحفظ کرنے میں اپنا تعاون دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جل شکتی کی وزارت نے آبی تحفظ کے لئے مہم-دو شروع کی ہے اور مسٹر مودی نے عالمی پانی کے دن پر 22 مارچ کو تمام لوگوں کو اس مہم میں شامل ہونے کی اپیل کی تھی۔
انہوں نے خط میں اراکین پارلیمنٹ سے اپیل کی، ’’ہمیں عوامی مفاد میں متحد ہوکر اور پارٹی لائن سے اٹھ کر مسلسل کم ہو رہے زیر زمین پانی کے لیول کو بڑھانے اور آبی بحران کو کم کرنے کے لئے کام کرنا چاہیے۔
مسٹر کٹاریا نے کہا کہ مسٹر مودی کی اپیل پر جل شکتی مہم-1 نے کامیابی کے پرچم لہرائے ہیں اور اب تک مہم کے تحت 256 اضلاع کا احاطہ کیا جا چکا ہے۔ یہ ملک میں اپنی نوعیت کی پہلی اسکیم ہے جسے تیز رفتاری کے ساتھ مکمل کیا جارہا ہے۔ اس اسکیم کو تکنیکی تعاون مرکزی آبی کمیشن وغیرہ سے مل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کام میں وزیر اعظم نے قائدانہ کردار ادا کیا اور انہوں نے ملک کے تمام وزراء اعلیٰ اور 2.5 لاکھ سرپنچوں کو خط لکھ کر اس اسکیم کو کامیاب بنانے کی اپیل کی تھی جس کے بعد کثیر تعداد میں لوگوں نے اس میں حصہ لیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملک میں آبی مہم جلد ہی آبی تحریک بن جائے گی۔
یو این آئی