قومی دارالحکومت دہلی میں جہاں ایک طرف ہسپتالوں میں بیڈز کی کمی محسوس کی جا رہی ہے۔ وہیں دوسری طرف کورونا مریضوں کے لیے دہلی کی ایک مسجد کے منتظمین آگے آئے ہیں۔
نئی دہلی کے گرین پارک میں واقع مسجد کے اندر 10 بیڈز کا کووڈ آئیسولیشن سینٹر کا قیام کیا گیا ہے حالانکہ دہلی میں آکسیجن کی قلت کی وجہ سے فی الحال مسجد میں آکسیجن کی سہولت دستیاب نہیں ہے لیکن امید ہے کہ جلد ہی سبھی بیڈز کو آکسیجن سلنڈر کے ساتھ شروع کیا جائے گا۔
گرین پارک پر واقع اس مسجد کا خرچ انتظامیہ کمیٹی ہی برداشت کرتی ہے۔ تاہم جب اس مسجد کو آئیسولیشن سینٹر میں تبدیل کرنے کی بات ہوئی تو مقامی ایم ایل اے اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سے بھی اس کی منظوری لی گئی تھی تاکہ کوئی پریشانی پیش نہ آئے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا گائیڈلائن کے ساتھ شاہی امام نے نماز جمعہ ادا کرائی
واضح رہے کہ دہلی میں کسی مسجد کو آئیسولیشن سینٹر میں تبدیل کرنے کی اس پہل کی کافی پذیرائی ہو رہی ہے۔ اس سے قبل دہلی کی کسی بھی مسجد کو آئیسولیشن سینٹر میں تبدیل نہیں کیا گیا تھا۔ البتہ گجرات میں ضرور ایک مسجد کورونا کے مریضوں کی خدمت میں مصروف ہے۔