نئی دہلی: دہلی سمیت ملک بھر میں گنیش چترتھی کا تہوار منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر عوامی مقامات پر گنیش کی مورتی لگاکر بڑے بڑے تقریبات کیے جاتے ہیں۔ اس بارے میں کہا جاتا ہے کہ بھگوان گنیش کی پیدائش چترتھی کے دن ہوئی تھی۔ دس دنوں تک چلنے والا یہ تہوار 19 ستبر کو ختم ہوگا۔
وہیں قومی دارالحکومت دہلی میں عوامی مقامات پر گنیش چترتھی کی تقریبات کے انعقاد پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ پابندی کی وجہ سے پولیس نے چوکسی بڑھا دی ہے۔
یہ پابندی دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) نے کووڈ 19 کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر عائد کی ہے۔ گزشتہ روز ڈی ڈی ایم اے نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ 'گنیش چترتھی مہوتسو اس ماہ منایا جائے گا۔ کووڈ 19 کے تناظر میں موجودہ پابندیوں کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ عوامی مقامات پر گنیش چترتھی کی تقریبات منعقد نہ ہونے دیں۔ لوگ اپنے عقیدے کے مطابق گھروں میں ہی مورتی نصب کریں۔'