دارالحکومت دہلی میں مارچ کے مہینے سے ہی اسکولوں کو کورونا وائرس کی وجہ سے بند کر دیا گیا تھا، جس کے بعد سے اب تک اسکولوں کو کھولنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے لیکن اسکولوں کی جانب سے فیس وصول کرنے کے لیے مسلسل میسیج یا فون کالز کیے جا رہے ہیں۔
اینگلوعربک ماڈل اسکول مینجمنٹ کمیٹی کے سابق خزانچی محمد خلیل سے خصوصی گفتگو پرانی دہلی میں تین بڑے پرائیویٹ اسکول ہیں جن میں پڑھنے والے طلبا فیس معاف کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں، گزشتہ دنوں کریسنٹ اسکول کے گیٹ پر بچوں کے سرپرستوں نے احتجاج کیا تھا جبکہ رابعہ گرلز پبلک اسکول میں پڑھنے والے طلبا کے والدین بھی اس کی شکایت کر رہے ہیں۔
اسکول سے منسلک ایک ذرائع نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ اینگلو عربک ماڈل اسکول میں والدین سے فیس وصول کرنے کے لیے اساتذہ پر دباؤ بنایا جا رہا ہے حالانکہ اس اسکول میں ٹیچرز کو گزشتہ کئی ماہ سے تنخواہیں بھی نہیں دی گئی ہیں۔
اینگلو عربک ماڈل اسکول مینجمنٹ کمیٹی کے سابق خزانچی محمد خلیل نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں تمام اسکولوں کو اپنا ریزرو فنڈ استعمال کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت کو چاہیے کہ وہ ان اسکولوں کی مالی مدد کریں جن کے پاس فنڈ نہیں ہے، انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ اساتذہ کو والدین کے پاس فیس کے لیے فون کرنے پر مجبور کرنا مناسب نہیں ہے۔