مرکزی وزیر تعلیم ڈاکٹر نشنک نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر منعقدہ ویبنار میں خواتین وائس چانسلروں، پروفیسروں اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین قوم کی رہنما ہوتی ہیں اور وہ پائیدار ترقی اور معیار زندگی کی کنجی ہیں۔
انہوں نے کہا ’’کسی بھی معاشرے کی ترقی میں خواتین کا کردار لامحدود ہوتا ہے، تمام شعبوں میں ان کا تعاون رہتا ہے، میرا خیال ہے کہ تعلیم کے ذریعے ہی خواتین کو بااختیار بنایا جا سکتا ہے‘‘۔
انہوں نے خواتین کے تئیں احترام کے تعلق سے کہا “ہندوستان میں ہمیشہ ہی خواتین کو احترام کے بلند مقام پر رکھا گیا ہے، ’ناری تو نارائنی‘ لفظ ہماری روایت میں رہا ہے اور یہ صرف ہندوستانی ثقافت ہے جہاں خواتین کو دیوی کا درجہ دیا گیا ہے‘‘۔
انہوں نے رانی لکشمی بائی، اودھا دیوی، سروجنی نائیڈو، لکشمی سہگل جیسی خواتین کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں خواتین نے تمام سماجی رکاوٹوں کو توڑتے ہوئے خود کو ملک کے لیے وقف کیا، جو ہمارے لئے باعث فخر ہے۔