نئی دہلی: اب غالب انسٹی ٹیوٹ کے تمام انتظامی امور ادریس احمد ہی دیکھیں گے۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کے چیرمین، سکریٹری اور تمام ممبران نے ڈاکٹر ادریس احمدکی کارگزاریوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ادریس احمد نے گزشتہ پانچ ماہ میں انسٹی ٹیوٹ کی ذمہ داریوں کو بخوبی انجام دیا ہے۔ ان کی فعالیت کو دیکھتے ہوئے ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ ہی مستقبل میں اس انسٹی ٹیوٹ کو ترقی کی راہ پر لے جاسکتے ہیں۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کے مستقل ڈائریکٹر منتخب ہونے پر پورے عملے نے انہیں مبارک باد پیش کی۔
اس موقع پر ڈاکٹر ادریس احمد نے کہا کہ رضا حیدر صاحب کا انتقال ہم سب کے لیے بہت بڑا صدمہ اور انسٹی ٹیوٹ کے لیے چیلنج تھا لیکن مجھے خوشی ہے کہ گزشتہ پانچ ماہ میں انسٹی ٹیوٹ کی سرگرمیاں قابلِ رشک رہیں۔ مستقبل کے لیے ہمارے پاس ایک شاندار لائحہ عمل ہے۔ مجھے امید ہے کہ جب ہم عملاً ان کو زمین پر اتاریں گے تو اس سے اردو زبان و ادب کو بڑی تقویت حاصل ہوگی۔