دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین مختار احمد نے کہا کہ 2 سال کے طویل انتظار کے بعد حج 2022 میں ہندوستانی حاجیوں کے شامل ہونے کی پوری امید ہے اور دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کا چیئرمین ہونے کے ناطے مجھے حج 2022 کے لیے حج فارم بھرنے کا اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نہ صرف دہلی بلکہ دہلی سے فلائٹ لینے والے شمالی ہندوستان کی ریاستوں سے آنے والے تمام عازمین حج کی خدمت کے لیے حاضر ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی بتایاکہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفترمیں آنے والے سبھی حج کی درخواست دینے والوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ ان کے آن لائن فارم بھرنے، آن لائن بینک میں پیسہ جمع کرانے یا حج سے متعلق دیگر ضروریات ہوں یا بلڈگروپ چیکنگ ہویہ سبھی سہولیات ایک ہی چھت کے نیچے مہیا کرائی جائینگی۔جس سے عازمین حج کو کسی بھی کام کے لیے ادھرادھر بھٹکنا نہیں پڑیگا۔ اس کے علاوہ جیسی ضرورت محسوس ہوگی ہم عازمین حج کی سہولیات کے لیے مزید انتظامات کریں گی۔
مختار احمد نے مزید بتایا کہ حج فارم جمع کرنے کا کام یکم نومبر2021 سے شروع ہوکر 31/جنوری2022 تک چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ جاری قواعد و ضوابط کے مطابق حج پر جانے کے خواہشمند آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ جن لوگوں کو آن لائن فارم جمع کرنے میں کوئی دقت آرہی ہے تو وہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی سے کام کے دنوں میں صبح10بجے سے شام4بجے تک فون نمبر011-23230507پر رابطہ کر سکتے ہیں۔