دہلی کی کڑکڑڈوما کورٹ نے گزشتہ سال ماہ فروری میں دہلی فسادات کے دوران کھجوری علاقہ کی ایک مسجد فاطمہ کو نقصان پہنچانے کے معاملے میں باپ بیٹے کے خلاف الزامات طے کردیے ہیں۔ دونوں کے خلاف مسجد کو نقصان پہنچانے،آگ لگانے، توڑ پھوڑ کرنے اور پتھراؤ کرنے کا الزام ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج وریندر بھٹ نے کہا کہ باپ متھن سنگھ اور اس کے بیٹے جانی کمار کے خلاف آتشزدگی اور فسادات کرنے کے الزام میں مقدمہ چلانے کے لیے ضروری ثبوت ہیں۔جج نے کہا کہ گواہوں کے بیانات درج کرنے میں تاخیر جان کر نہیں کی گئی تھی۔
فسادات کے دوران علاقہ کی جو صورتحال ہوئی تھی وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے ۔فسادات کے بعد بھی کئی دنوں تک علاقہ میں خوف کا ماحول تھا۔ ایسے میں ایک ہفتے بعد گواہوں کے بیانات درج کرنے سے متعلق پولیس کی دلیل قابل اطمینان ہے۔