دہلی بلڈنگ اینڈ کنسٹرکشن ورکرز ویلفیئر بورڈ نے پانچ ہزار روپے کی کورونا امدادی رقم 47،996 تعمیراتی مزدوروں کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دی۔
دہلی حکومت نے رواں برس 2،16،602 تعمیراتی مزدوروں کو کورونا امدادی تقسیم کی رقم کے طور پر پہلے ہی پانچ ہزار روپے واگزار کیے ہیں۔ یہ امدادی رقم ان تعمیراتی مزدوروں کو دی گئی ہے جن کی درخواستوں کو 28 مئی اور 18 جولائی 2021 کے درمیان منظور کیا گیا تھا۔
گزشتہ سال وبائی مرض کے پھیلائو کو روکنے کے لیے پہلا لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا۔ اس دوران دہلی حکومت ملک کی پہلی حکومت تھی جس نے مارچ 2020 کے مہینے میں بورڈ میں رجسٹرڈ تمام 39،600 مزدوروں کو راحتی پیکیج تقسیم کیا تھا۔
نومبر 2020 میں محکمہ لیبر کے ذریعہ دہلی کے مزدور دفاتر میں رجسٹریشن کا عمل پھر سے شروع کیا گیا۔ ان کی جانچ کی بنیاد پر محکمہ لیبر میں متعدد اصلاحات کی گئیں۔ اس کے نتیجے میں تعمیراتی بورڈ کے ساتھ رجسٹرڈ تعمیراتی مزدوروں کی تعداد 8 ماہ کے اندر بڑھ کر 3 لاکھ کے قریب پہنچ گئی۔
مزید پڑھیں:Alka Lamba: دہلی پولیس نے کانگریس رہنما الکا لامبا کو گھر میں نظربند کیا
اس کے علاوہ تعمیراتی مزدوروں کی رجسٹریشن کے عمل میں بھی بہتری لائی گئی ہے۔ اب اندراج اور تصدیق کا عمل آن لائن کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل مزدوروں کو اپنی درخواستیں جمع کروانے کے لئے گھنٹوں لمبی قطار میں کھڑا رہنا پڑتا تھا، لیکن اب یہ سارا عمل آن لائن کر دیا گیا ہے تاکہ مزدور بغیر کسی پریشانی اور زیادہ وقت صرف کیے اپنا اندراج کرا سکیں۔