وزیر خزانہ منیش سسودیا نے آج اسمبلی میں آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں کی طرح صحت اور تعلیم کے شعبے کو حکومت کی ترجیح جاری رہے گی۔ رواں مالی سال کے لئے دلی حکومت کا بجٹ 60 ہزار کروڑ روپے کا تھا۔
مسٹر سسودیا نے 2020-21 میں صحت کے شعبے کے لیے 7704 کروڑ روپے کا التزام کرتے ہوئے کہا کہ دہلی حکومت دارالحکومت میں مرکزی حکومت کی صحت سے متعلق اسکیم ايوشمان بھارت کو نافذ کرے گی۔
نئے اسپتالوں کے لیے 724 کروڑ روپے اور نئے محلہ کلینک اور پالی کلینک کھولنے کے 365 کروڑ روپے کا التزام کیا گیا ہے۔
کورونا وائرس سے نمٹنے میں فنڈز کی کسی قسم کی کمی نہیں آنے دینے کی یقین دہانی کراتے ہوئے وزیر خزانہ نے بجٹ میں 50 کروڑ روپے کا التزام کیا ہے۔
ڈی ٹی سی کی بسوں میں خواتین کے لئے آئندہ مالی سال بھی مفت سفر جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے مسٹر سسودیا نے کہا کہ 200 یونٹ ماہانہ کھپت والے صارفین کے لیے 2020۔21 میں بھی مفت بجلی کی فراہمی جاری رہے گی۔ بجلی سبسڈی کے لیے 2820 کروڑ روپے کا التزام کیا گیا ہے۔
دس کروڑ روپے سے دہلی درشن یوجنا نافذ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ’مکھیہ منتری تیرتھ یوجنا‘ کے لئے 100 کروڑ روپے کا التزام کیا گیا ہے.
مسٹر سسودیا نے کہا کہ حال ہی میں شمال مشرقی دہلی میں ہوئے تشدد کو دیکھتے ہوئے دارالحکومت میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی مہم چلائی جائے گی۔
آلودگی کو کم کرنے کے لئے بجٹ میں 30 کروڑ روپے کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ’ماحول مارشل‘ مقرر کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔