شہریت ترمیمی قانون و این آر سی کے خلاف دہلی کے شاہین باغ میں مسلسل کئی ہفتوں سے احتجاجی دھرنا جاری ہے۔
اس قانون کے خلاف شاہین باغ کی خواتین مسلسل دھرنے پر ہیں، ان کا کہنا ہے کہ جب تک حکومت اس قانون کو واپس نہیں لیتی تب تک وہ دھرنے سے نہیں ہٹیں گی۔
مسلسل کئی ہفتوں سے چل رہے اس دھرنے پر سیاسی و سماجی رہنما کے ساتھ فلمی شخصیات نے بھی اس کی حمایت کی ہے۔
وہیں آج اس دھرنے کی حمایت میں 'ساودھان انڈیا' سیریئل سے مشہور ہوئے ٹی وی اداکار سشانت سنگھ بھی پہنچے اور دھرنے پر بیٹھی خواتین کی حوصلہ افزائی کی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے ہر باغ سے احتجاج کی صدا بلند ہوئی ہے ایک جلیان والا باغ تھا اور اب شاہین باغ ہے، اس باغ نے ایسی تحریک پیدا کی ہے کہ آج ملک کا ہر شہر شاہین باغ ہے۔
سشانت سنگھ نے مزید کہا کہ 'اب سفید بالوں والے مردوں کا وقت ختم ہوگیا ہے یہ وقت اب آپ کا ہے۔
انہوں نے طلباء سے اپیل کی کہ 'اس احتجاج کو آپ لوگ لے کر چلیں ہم آپ کے پیچھیے چلیں گے، بس آپ لوگ ڈٹے رہیں، یہ لڑائی کافی لمبی ہونے والی ہے، اس میں کئی قربانیاں بھی دینی پڑسکتی ہیں، اس لڑائی میں میرا گھر میرے ساتھ کھڑا ہے۔