ریاست بہار کے ضلع ارریہ سے محض چند قدم کی دوری پر رجوکھر میں بنجارہ سماج کے لوگ آباد ہیں، یہاں بنجارہ سماج کے لوگ کئی برسوں سے آباد ہیں۔
لاک ڈاؤن میں بنجارہ سماج دانے دانے کا محتاج یہ آبادی جنگلوں سے گھری ہوئی ہے یہاں تقریبا پچاس گھر آباد ہیں، لاک ڈاؤن میں جہاں دیگر طبقے کو پریشانی کا سامنا رہا وہیں بنجارہ سماج بھی دانے دانے کامحتاج رہا۔
آپ کو بتادیں کہ لاک ڈاؤن کے دوران ان بنجاروں کی مدد کے لیے یہاں نہ تو کوئی سرکاری تنظیمیں پہنچی اور نہ ہی کوئی غیر سرکاری تنظیم۔ضلع انتظامیہ کی جانب سے بھی ان لوگوں کی مدد نہیں کی گئی ۔
لیکن مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والی ایک غیر سرکاری تنظیم 'سروا سیوا سمیتی سنستھان' نے ان لوگوں کی خبر لیتے ہوئے ان کے درمیان فوڈ پیکٹ تقسیم کئے۔
پیکٹ میں چاول، آلو، پیاز، سوابین، دال وغیرہ شامل ہیں، ان بنجاروں کے درمیان سماجی دوری کا خیال رکھتے ہوئے تمام لوگوں میں سامان تقسیم کیا گیا، جس سے ان لوگوں کے چہروں پر خوشی دیکھی گئی۔
بنجارہ سماج کے افراد نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے دوران ان کی مدد کے لیے کوئی نہیں پہنچا، ہم لوگ دانہ دانہ کے محتاج تھے، کہیں مانگنے کی غرض سے جاتے تو لوگ ہمیں بھگا دیتے ہیں۔
مزید پڑھیں:بھارت کا صنعتی طبقہ ملک کو آتم نربھر بنائے: وزیراعظم
تنظیم 'سروا سیوا سمیتی سنستھان' کے کوآرڈینیٹر سجیت کمار نے بتایا کہ ہماری ٹیم شہر اور دیہی علاقوں میں ایسے ضرورت مندوں کی تلاش کر رہی ہے جنہیں واقعی راشن کی ضرورت ہے، ہم لوگ شہر کے کئی علاقوں میں سامان تقسیم کر چکے ہیں اور جب تک یہ لاک ڈاؤن مکمل طریقے سے ختم نہیں ہو جاتا تب تک یہ کام جاری رہے گا۔