مدھیہ پردیش میں تیزی سے بدل رہی سیاست کے درمیان آج کا دن صوبے کی سیاست میں بڑا اہم مانا جارہا ہے۔ بی جے پی اور کانگریس دونوں ہی پارٹیو ں نے ارکان اسمبلی کی میٹنگ بلائی ہے۔ جس میں بڑے فیصلے لیے جاسکتے ہیں۔ بھوپال میں شام پانچ بجے سے ہونے والی اس میٹنگ میں بی جے پی موجودہ سیاسی حالات پر بحث کرنے کے ساتھ کمل ناتھ حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کے لائحہ عمل تیار کرسکتی ہے۔
تقریباً ایک ہفتہ سے ریاست سے دور رہے مدھیہ پردیش کے سابق سی ایم شیو راج سنگھ چوہان دہلی سے بھوپال پہنچے۔ شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ کانگریس اپنے اندورونی خلفشار میں مبتلا ہے۔ ہم کچھ نہیں کررہے ہیں۔ کانگریس اپنی پریشانیوں سے خود مصیبت میں ہے۔
ریاست میں پل پل بدلتے سیاسی ہلچل کے درمیان گورنر لال جی ٹنڈن بھی اپنی چھٹیاں رد کرکے بھوپال پہنچ گئے ہیں تو اپوزیشن رہنما گوپال بھارگو نے بی جے پی ارکان اسمبلی کی میٹنگ میں ریاست کے سبھی ارکان کو ضروری طور سے موجود رہنے کا حکم دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس مینگ میں شیوراج سنگھ چوہان کو بی جے پی ارکان اسمبلی کا رہنما منتخب کیا جاسکتا ہے۔