گہوارہ علم و ادب دارالحکومت بھوپال کی ایک اہم پہچان اقبال میدان کو لے کر مدھیہ پردیش حکومت اور میونسپل کارپوریشن کے رویے سے بیزار بھوپال کے ادیبوں اور شاعروں نے اقبال میدان کی خستہ حالی کو دور کرنے کے لیے آواز بلند کی ہے۔
مدھیہ پردیش کے اُس وقت کے وزیراعلیٰ ارجن سنگھ نے 9 فروری 1984 کو اس کی بنیاد رکھی تھی۔ اقبال میدان میں دو سال تک تعمیری کام جاری رہا اور جب اقبال میدان میں مینارہ شاہین اور اقبال کے اشعار خوبصورت پتھروں پر کندہ کر کے چاروں جانب لگا دیے گئے تو 14 فروری 1986 کو اس وقت کے وزیراعلیٰ موتی لال ووہرہ نے اس کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں مدھیہ پردیش کی سرکردہ شخصیات کے ساتھ ہندی اور اردو کے ممتاز ادیبوں کے ساتھ مشہور مصور سوامی ناتھن اور ایم ایف حسین نے بھی شرکت کی تھی۔