ریاست بہار کے بھاگلپور میں واقع سبور ایگریکلچرل یونیورسٹی میں جاری سہ روزہ کسان میلہ آج اختتام پذیر ہو گیا۔ کسان میلہ کے آخری دن بڑی تعداد میں کسانوں نے شرکت اور زراعت کے نئے ہنر کو جاننے کی کوشش کی۔ ارول ضلع سے آئے ان کسانوں نے بتایا کہ وہ ہر سال کسان میلہ میں شرکت کرنے کے لئے آتے ہیں اور یہاں سے کچھ نیا سیکھ کر جاتے ہیں۔
کسان میلہ کے آخری دن کسانوں کو مکھانا کی کھیتی کی نئی تکنیک کے بارے میں جانکاری دی گئی، ساتھ ہی سیلاب متاثرہ علاقوں میں کس طرح کھیتی کی جائے اس بارے میں بھی معلومات فراہم کی گئی۔ دور دراز علاقوں سے آئے کسانوں کا کہنا تھا کہ سالانہ لگنے والا یہ میلہ کسانوں کے لئے انتہائی فائدہ مند ہے اور کھیتی کی نئی تکنیک کی جانکاری یہاں فراہم کرائی جاتی ہے جس پر عمل کرتے ہوئے کسان اپنی آمدنی میں اضافہ کر سکتا ہے۔