ریاست بہار کے ضلع بھاگلپور میں دوسرے مرحلہ کی پولنگ 3 نومبر کو ہونی ہے، اس سے قبل جمعہ کو مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسدالدین اویسی نے بھاگلپور کے سی ٹی ایس میدان میں ریلی سے خطاب کیا۔
ریلی سے خطاب میں اسدالدین اویسی نے بی جے پی اور کانگریس پارٹی کو ہدف تنقید بنایا۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ' انہوں نے لاک ڈاؤن کے ذریعے 32 لاکھ مہاجر مزدوروں کو پیدل و دیگر وسائل کے ذریعے اپنے اپنے گھروں کو لوٹنے پر مجبور کیا، اگر لاک ڈاؤن سے قبل ان مزدوروں کو آٹھ دنوں کا وقت مل جاتا تو نہ ہی ملک میں کورونا جیسی وبا پھیلتی اور نہ ہی ہماری ریاست کے مہاجر مزدور بھوکے پیاسے پریشان ہوتے۔
اس موقع پر اسد الدین اویسی نے سنہ 1989 میں ہوئے بھاگلپور فسادات کا بھی ذکر کیا اور اسے کانگریس پارٹی کی ناکامی بتایا۔
ساتھ ہی آر جے ڈی اور جے ڈی یو پر فسادات میں ملوث مجرمین کو بچانے کا الزام بھی عائد کیا۔ اویسی نے کہا کہ فسادات کے متاثرین کے اہل خانہ کو آج تک انصاف نہیں ملا ہے، بلکہ ملزمین کو انعامات سے سرفراز کیا گیا۔