اسمبلی اسپیکر رمیش کمار نے پیر کےروز ہوئی بحث کے دوران اپوزیشن اور حکومت کا موقف سننے کے بعد منگل کے روز ہر حال میں تحریک اعتماد کی ووٹنگ کرانے کا اعلان کیا ہے۔
اس موقع پر اسپیکر نے استعفی دینے والے کانگریس اور جے ڈی ایس سمیت 15 ارکان اسمبلی کو ایوان میں حاضر ہونے کی نوٹس دی ہے، یہ پندرہ ارکان ممبئی کی ایک ہوٹل میں قیام پزیر ہیں۔
گذشتہ کل ایوان میں کافی ہنگامے اور الزام در الزامات کے بعد رات 10 بجے کرناٹک اسمبلی سے باہر آکر کانگریس کے سینیئر رہنما ڈی کے شیو کمار نے میڈیا کو بتایا کہ اسپیکر نے باغی اراکین اسمبلی کو نوٹس جاری کرکے منگل کے روز 11 بجے تک کا وقت دیا ہے۔ ا نہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی انہیں یہ سمجھانے کی کوشش کررہی ہے کہ وہ نااہل قرار نہیں دیئے جائیں گے۔ شیو کمار نے کہا کہ بھارت کے آئین کے مطابق آپ اگر ا یک بار نااہل قرار دیئے گئے تو ممبر نہیں بن سکتے۔