ریاست کرناٹک کے شیواجی نگر ضمنی انتخابات کے اکھاڑے میں متحرک ایس ڈی پی آئی کے امیدوار عبد الحنان نے ایک پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ شیواجی نگر کی عوام انہیں ایک سیاسی متبادل کے طور پر قبول کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی سے یہاں کی عوام گزشتہ 35 برسوں سے بیزار ہے۔ ایس ڈی پی آئی عوام کے دلوں سے ڈر نکال کر اعتماد بحال کرنے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے۔
عبد الحنان نے شیواجی نگر کو دیکھتے ہوئے کانگریسی امیدوار رضوان ارشد پر سوال اٹھایا اور انہوں نے کہا کہ بحیثیت ایم ایل سی و سیاسی رہنما انہوں نے یہاں کی عوام کے لیےکیا کام کیا؟
عبد الحنان نے شہر بنگلورو کے شیواجی نگر میں ایس ڈی پی آئی کی جانب سے منعقد ہ کئی مظاہرے جیسے 'گئوکشی قانون' کے خلاف چلائی گئی مہم کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ہماری پارٹی کے کارکنان عوام کو انصاف دلانے کے لیے کئے گئے احتجاجات کی وجہ سے جیل بھی جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کے کارکنان سال کے 365 دن زمینی سطح پر سماجی خدمات انجام دینے کو لے کر متحرک رہتے ہیں اور انصاف کے لئے جدوجہد کرتے ہیں۔