کورونا وبا و لاک ڈاون کے علاوہ خون کا عطیہ دینے والوں کی کمی کی وجہ سے کرناٹک کے مختلف بلڈ بنکز میں خون کی کمی ہوگئی ہے جسے دیکھتے ہوئے پاپیولر فرنٹ بلڈ ڈونرز فورم کی ممبر سازی مہم شروع کی گئی۔
پاپیولرفرنٹ بنگلور کے صدر الیاس احمد نے بتایا کہ بلڈ ڈونرز فورم کی ممبر سازی مہم کا مقصد نوجوانوں کو خون کے عطیات رضا کارانہ طور پر دینے کی طرف مائل کرنا ہے تاکہ خون کی قلت کو دور کرتے ہوئے ہزاروں انسانی زندگیوں کو بچایا جاسکے۔
انہوں نے بتایا کہ 15 اگست تک ’ممبر سازی مہم‘ کو جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں تقریباً 12 لاکھ یونت خون کی قلت ہے جس کی وجہ سے کئی لوگوں کی موت ہورہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ حالات میں خون کی کمی کو دور کرنا ایک بڑا چیلنج ہے۔ اس لیے پاپیولر فرنٹ بلڈ ڈونرز فورم کو تشکیل دیاگیا۔