دھماکہ اتنا زبردست تھا کہ سڑکیں بھی ٹوٹ گئیں اور آس پاس میں موجود گھروں اور دفتروں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ اس حادثے میں ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ شیوموگا کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو سے تقریبا 350 کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے۔ بھارتی خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے آٹھ مزدوروں کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے جبکہ دیگر ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے مزدوروں کی تعداد پانچ ہے۔
وزیراعلی بی ایس یدیورپا نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بدقسمتی سے پانچ مزدوروں کی موت ہوئی ہے۔ زخمی ہونے والے مزدوروں کا علاج و معالجہ کرایا جا رہا ہے اور ان کے پورے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ انہوں نے مزدوروں کے اہل خانہ کو بطور معاوضہ 5-5 لاکھ روپیے دینے کا اعلان کیا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ یہ دھماکہ خیز مواد کان کنی کے لیے لے جایا جا رہا تھا۔ پتھر توڑنے والی ایک جگہ پر رات کے تقریبا ساڑھے دس بجے دھماکہ ہوا، جس سے نہ صرف شیوموگا بلکہ چکمگلورو اور داونگیرے ضلعوں میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ گھروں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور سڑکوں پر بھی دراڑ پڑگئی۔
دھماکے سے اردگرد کے لوگوں میں خوف و ہراس ہے۔ دھماکے کے بعد افراتفری بھی پھیلی لیکن بعد میں انتظامیہ کی پہل پر لوگوں میں خوف ختم کرایا جا سکا۔
وزیراعظم مودی کا اظہار غم
اس المناک حادثے پر وزیراعظم نریندر مودی نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ کرناٹک کے شیوموگا ضلع میں پیش آئے سانحہ سے گہرا دکھ پہنچا ہے۔ ہلاک شدگان کی روح کو شانتی۔ اہل خانہ کے تئیں گہری تعزیت۔ زخمیوں کے جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔ ریاستی حکومت ہلاک شدگان کے اہل خانہ کی ہرممکن مدد کرے گی۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک شدگان کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔
پولیس نے جمعہ کو بتایاکہ دھماکہ اس وقت ہو جب ایک ٹرک کانکنی کے لئے دھماکہ خیز مادہ لے جارہا تھا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ ٹرک کے پرخچے اڑ گئے اور متاثرین کی لاشیں بری طرح مسخ ہوگئیں جس سے ان کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
شیو موگا کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سمیت سینئر افسران جائے واقعہ پر پہنچ گئے ہیں۔ دھماکہ ایک بجری اور بولڈر کرشنگ سہولت کے نزدیک ہوا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز شیو موگا سمیت آس پاس کے چک منگلور اور داون گیرے ضلعوں میں بھی سنائی دی۔
پولیس نے بتایا کہ اس دھماکے کی شدت اتنی تیز تھی کہ کئی گھروں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور سڑکوں پر بھی دراڑ پڑ گئی اور لوگ زلزلہ آنے کے خوف سے گھروں سے باہر نکل گئے
شیو موگا ضلع انتظامیہ کے افسران نے بتایا کہ دھماکہ کی وجہ سے ہوناسوڈو کے نزدیکی گاؤں میں گھنے گھوئیں کے غبار نظر آئے۔ ٹرک میں دھماکے سے اس میں سوار چھ لوگوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی اور کئی دیگر زخمی ہوگئے۔ ابالاگیرےکی جانب جانے والی سڑک پر بڑی دراڑ پڑ گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس واقعہ میں مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔