کرناٹک وقف بورڈ کی جانب سے ریاست بھر کے اوقافی اداروں، مساجد و درگاہوں کو ایک سرکولر بھیج کر کہا گیا تھا کہ نوائز پولیوشن ریگولیشن کنٹرول 2000 رولز (صوتی آلودگی سے متعلق قانون) پر سختی سے عمل کریں جس کے تحت رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک لاؤڈ اسپیکر کا استعمال نہ کریں، اس سرکولر کے جاری ہونے کے بعد یہ خبر گردش کرنے لگی کہ کہ نماز فجر کی اذان بھی لاؤڈ اسپیکر سے نہیں دیے جانے کا فرمان جاری کیا گیا ہے۔
اس سرکولر کے متعلق کرناٹک وقف بورڈ کے رکن مولانا شافعی سعدی نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سال وقف بورڈ کی ایک میٹنگ میں اس موضوع پر بات ضرور ہوئی تھی لیکن اس پر تفصیل سے بات نہیں ہوسکی تھی۔ انہوں نے اس سرکولر کے تعلق سے واضح لفظوں میں کہا کہ اس کا اذان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔