دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے کسانوں کی تحریک سے متعلق ٹول کٹ سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے الزام میں گرفتار کی گئیں ماحولیاتی کارکن دشا روی کو پانچ دنوں کی پولیس حراست میں بھیج دیا ہے۔ دہلی پولیس کی اسپیشل سیل نے دشا کو بنگلورو سے گرفتار کیا تھا۔
دشا روی کے گرفتار ہونے کے بعد بنگلورو سینٹرل کے رکن پارلیمان پی سی موہن نے دشا کا موازنہ ممبئی کے 26/11 حملے کے مجرم اجمل قصاب سے کر دیا۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ برہان وانی بھی 21 سال کا تھا۔ اجمل قصاب بھی 21 سال کا ہی تھا۔ عمر بس ایک تعداد ہے۔ کوئی بھی قانون سے بڑھ کر نہیں ہے۔ قانون کو اپنا کام کرنے دیجیے۔ جرم ہمیشہ جرم ہی رہیگا۔ اس ٹویٹ کے ساتھ انہوں نے ہیش ٹیگ دشا روی کا استعمال کیا ہے اور ان کی ایک تصویر بھی شیئر کی ہے۔
انہوں نے مزید لکھا ہے کہ جو لوگ دشا روی کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں انہیں دہلی پولیس کے بیان کو پڑھنا چاہیے۔ انہوں نے دہلی پولیس کا ٹویٹ بھی شیئر کیا ہے۔