سماج وادی پارٹی کے سینئر رہنما بھگوت سرن گنگوار کا کہنا ہے سماجوادی پارٹی کے دورِ حکومت میں اکھلیش یادو نے وزیر اعلیٰ رہتے ہوئے کئی منصوبوں کو شروع کیا تھا۔ جس میں بریلی اور بدایوں اضلاع کو جوڑنے والا لال پھاٹک اوور برج ہو یا پھر شہر کا سب سے مصروف رہنے والا چوپلا اوور برج ہو، لیکن یوگی حکومت اب تک ان دونوں اوور برج کو مکمل نہیں کرا پائی ہے۔ یہ دونوں اوور برج آج عوام کے لیے سب بڑی پریشانی کا سبب بنے ہوئے ہیں۔
یوگی حکومت پر سابقہ حکومت کے منصوبوں کا کریڈٹ لینے کا الزام - سوپر اسپیشل ہاسپٹل
اتر پردیش کے بریلی میں ایک دن قبل منعقد ہوئی کسان کانفرنس میں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کئی منصوبوں کا افتتاح اور کئی کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ سماجوادی پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر بھگوت سرن گنگوار نے طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے جن منصوبوں کا افتتاح کیا ہے، وہ تمام منصوبے سماجوادی پارٹی کے دورے حکومت میں شروع کیے گئے تھے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ریاست میں بی جے پی حکومت اپنے چار برس مکمل کر چکی ہے، لیکن بریلی کے مقامی دکنِ اسمبلی اور رکنِ پارلیمنٹ کوئی ایسے چار ترقیاتی کام نہیں گِنا سکتے ہیں، جو انکی حکومت میں شروع ہوئے ہوں اور مکمل بھی ہو گئے ہوں۔ اب بی جے پی حکومت کے پاس صرف ایک سال باقی ہے تو سماجوادی پارٹی کے ترقیاتی کاموں پر اپنا لیول لگا کر نئی شکل و صورت میں عوام کے سامنے پیش کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر عالمی وبا کورونا وائرس سے جنگ لڑنے کی بات کریں تو اکھلیش یادو کی حکومت میں تعمیر ہوئے "300 سپر اسپیشل ہاسپٹل" ہی محکمہ صحت کا سب سے بڑا سہارا بنے. اسکے علاوہ کورونا کے پرآشوب دور میں جب لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت دی گئی تو ہماری حکومت کے ذریعہ شروع کی گئی پولس کی "ڈائل 100" گاڑیوں نے ہی مرکزی حکومت کے قوانین نافذ کرنے میں سب سے اہم کردار ادا کیا ہے۔