ریاست اتر پردیش کے ضلع بریلی کے دیہی علاقے میں ڈینگو کی وجہ سے اب تک تقریباً ایک درجن سے زائد افراد کی موت ہو چکی ہے اور تقریباً ایک سو سے زائد لوگ مختلف ہسپتالوں میں داخل ہیں۔ محکمۂ صحت کی جانب سے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم جانچ کے لیئے گاؤں بھیجی گئی ہے۔
ضلع بریلی کے دیہی علاقے مجنوپور گاؤں میں ڈینگو سے اب تک ایک درجن سے زائد افراد اس کی زد میں آچکے ہیں۔ ان میں کچھ بزرگوں کی موت کو طبعی موت سمجھ کر نظر انداز کر دیا گیا۔ لیکن جب دو نوجوانوں کو بھی موت نے اپنی آغوش میں لے لیا، تو پھر مقامی لوگوں کا حیران اور پریشان ہونا لازمی تھا۔ لہذا مریضوں کو پرائیویٹ ہسپتال میں داخل کرایا گیا اور جب جانچ ہوئی تو ڈینگو کی تصدیق ہوئی۔ اُس کے بعد جو لوگ بھی معمولی طور پر بیمار تھے، اُنہیں بھی ہسپتال میں داخل کرایا گیا اور جانچ کرانے کے بعد اُن کا علاج کیا جا رہا ہے۔