روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے، جس کی وجہ سے یوکرین میں ایم بی بی ایس کی تعلیم حاصل کرنے والے بریلی کے طلبہ کافی پریشان ہیں۔ اس جنگ کی وجہ سے اُن کی تعلیم مکمل نہیں ہو سکی ہے اور ابھی حالات سازگار ہونے کے آثار بھی نظر نہیں آ رہے ہیں۔ یہ تمام طلباء اپنی جانب سے کوئی مثبت کوشش کرنے میں قاصر ہیں۔ لہزا، ان تمام طلباء نے بریلی میں سٹی مجسٹریٹ سے ملاقات کرکے اپنی تکلیف اور اپنا درد بیان کیا ہے۔ ان طلباء نے کہا ہے کہ اُن کی نامکمل میڈیکل کی تعلیم ہندوستان کے کسی میڈیکل کالج سے مکمل کرائی جائے۔ اس کے ساتھ تمام طلباء نے ایک میمورنڈم بھی سٹی مجسٹریٹ کے سپرد کیا۔
ہندوستان کے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد یوکرین کے میڈیکل کالجوں سے ایم بی بی ایس کی تعلیم لے رہی تھی لیکن فروری اور مارچ میں یوکرین اور روس کے درمیان جنگ شروع ہو گئی، جس کی وجہ سے بریلی کے تقریباً دو درجن طلباء بھی یوکرین میں پھنس گئے۔ بمباری سے بچنے کے لیے انہوں نے بنکروں میں بھوکے پیاسے رہکر پناہ لی۔ بہت تکلیف اُٹھانے کے بعد وہ گھر واپس آئے لیکن گھر آنے کے بعد میڈیکل کی پڑھائی چھوٹ جانے پر فکرمند ہیں۔