دہلی اور آگرہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں کورونا وائرس سے متاثر مریضوں کے پائے جانے کے بعد بریلی میں بھی خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ اس سلسلہ میں آج ڈی ایم اور سی ایم او نے ایک پریس کانفرنس منعقد کر کے کورونا وائرس کے انفیکشن کے پیش نظر علاج کے انتظامات کے بابت معلومات دی ہے۔
ضلع مجسٹریٹ اور سی ایم او نے واضح کیا ہے کہ یہاں کورونا وائرس کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ گزشتہ دنوں 59 افراد نے بیرون ممالک کا سفر کیا تھا۔ ان تمام مسافروں کے بریلی واپس آنے کے بعد 49 افراد کا ٹیسٹ مکمل ہوچکاہے۔ ان میں سے کسی بھی شخص میں کورونا وائرس کی علامت نہیں ملی ہے۔
ابتدائی جانچ کی اسکریننگ میں باقی 10 افراد میں بھی کورونا وائرس کی علامات نہیں پائی گئی ہے۔
ڈی ایم نتیش کمار نے تاکید کی ہے کہ کورونا وائرس سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے بغیر کسی وجہ کے خوف و ہراس پھیلاکر ماسک اور سینیٹائزرس کی بلیک مارکیٹنگ ہو رہی ہے۔ اس پر بھی ضلع انتظامیہ کی نظر ہے۔