اتر پردیش کے ضلع بریلی میں وکیل سنجے سنگھ کے قاتلوں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ دن بدن زور پکڑتا جا رہا ہے۔ بار ایسوسی ایشن کے وکلاء نے مقتول وکیل سنجے سنگھ کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے ضلع کلیکٹریٹ کے گیٹ کے سامنے ”انسانی زنجیر“ بنائی اور پولیس محکمہ کے خلاف جمکر نعرے بازی کی۔
وکلاء نے بتایا کہ 14 ستمبر کی شام بشارت گنج تھانے کے گاؤں اترچھیڑی کے رہائشی وکیل سنجے سنگھ کو اُن کے سگے بھائی نے اپنے دوستوں کے ساتھ ملکر گاؤں کے قریب ایک جیپ سے کچلکر قتل کر دیا تھا۔ اس معاملہ میں سنجے سنگھ کے بھائی مُدِت پرتاپ سنگھ، گُڈّو، راہل اور مینک کے خلاف رپورٹ درج کرائی گئی ہے۔ لیکن پولیس نے ابھی تک کسی ملزم کو گرفتار نہیں کیا ہے اور نہ ہی پولیس اس معاملہ میں سنجیدگی سے کام لے رہی ہے۔
بار ایسوسی ایشن کے عہدے داران اور کارکنان وکلاء نے میمورنڈم میں تمام ملزمان کی 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اگر اُنہیں گرفتار نہیں کیا گیا تو بریلی بار ایسوسی ایشن اور دیگر وکلاء تنظیمیں سنجے سنگھ کے اہل خانہ کے ساتھ ملکر کوئی بھی فیصلہ لے سکتے ہیں۔