مغربی بنگال میں عالمی وبا کورونا وائرس کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے ریاستی حکومت کی جنگی سطح پر کوششیں جاری ہیں لیکن کورونا ویکسین کی کمی کی وجہ سے مہم متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
بردوان: کورونا مخالف ویکسین نہ ملنے پر آسنسول میونسپل کارپوریشن کے سامنے احتجاج ویکسین کی عدم دستیابی کے سبب ریاست کے مختلف اضلاع میں کورونا ویکسین کی مہم متاثر ہوئی ہے۔
بردوان ضلع کے مسلم اکثریتی علاقے میں واقع آسنسول میونسپل کارپوریشن کے سامنے مقامی باشندوں نے رجسٹریشن کے باوجود کورونا مخالف ویکسین نہ ملنے پر احتجاج کرکے ناکہ بندی کی۔
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ وارڈ نمبر 87 میں پہلے کورونا ویکسین کے لئے رجسٹریشن کرائی گئی اور اس کے بعد موبائل فون پر ویکسین لینے کے لئے پیغام بھیجا گیا جس میں دن، تاریخ اور وقت متعین کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ویکسین لینے کے لئے صبح سے ہی لوگ قطار میں کھڑے تھے، آدھا دن گزر جانے کے بعد انہیں بتایا گیا کہ ’’آج کورونا ویکسین نہیں دی جا سکتی۔‘‘
آسنسول میونسپل کارپوریشن کے محکمہ صحت کے سربراہ دیپک گنگاپادھیا نے کہا کہ ’’ویکسین کی عدم دستیابی کے سبب لوگوں کو ویکسین نہیں دی گئی۔ اس میں کارپوریشن کی کوئی غلطی نہیں ہے، ویکسین ملنے کے بعد ہی لوگوں کو ٹیکے لگائے جائیں گے۔‘‘
مزید پڑھیں:کوروناوائرس کے سبب کولکاتا کا چاندنی مارکیٹ بھی متاثر
واضح رہے کہ مغربی بنگال میں کورونا متاثرین کی تعداد میں کمی واقع ہو رہی ہے، اب تک ریاست بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 15 لاکھ 24 ہزار 121 تک پہنچ چکی ہے۔ ایک دن میں 1432 مریضوں کی صحتیاب ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
ریاست میں کورونا وائرس سے نجات پانے والوں کی تعداد 14 لاکھ 44 ہزار 321 تک پہنچ چکی ہے، وہیں صحتیابی کی شرح 98.81 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔
اس وبائی بیماری سے اب تک 18 ہزار 68 لوگوں کی موت واقع ہو چکی ہے۔ اموات کی شرح میں نمایاں کمی دیکھنے کو ملی ہے۔