ضلع بارہمولہ میں معذور کھلاڑیوں کے لیے پہلی بار منعقد کئے گئے چیئر باسکٹ بال میچ اور بیٹھے والی بال میچ نے وادیٔ کشمیر کے متعدد پارا ایتھلیٹس کو اپنی جانب متوجہ کیا ہے جس میں کئی کھلاڑیوں نے حصہ لیکر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
بارہمولہ: فوج کی جانب سے پیرا ایتھلیٹ کے لیے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد مقابلوں کے اختتام کے بعد کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ پروگرام کا عنوان ’صحت کا فروغ، پیرا ایتھلیٹس کے لیے حقوق اور سماجی انضمام‘ رکھا گیا تھا۔
میڈی کیئر سوسائٹی ایک این جی او ہے جس کا قیام 1970 میں عمل میں آیا تھا جب کہ تنظیم کی جانب سے گزشتہ 51 سالوں سے پیرا ایتھلیٹس کے لیے مختلف پروگرامز منعقد کئے جاتے ہیں۔
پروگرام میں کمانڈنگ آفیسر 5 جے اے ٹی رجمنٹ لاچی پورہ کے علاوہ سب ڈویژنل مجسٹریٹ اوڑی ہروندر سنگھ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس کے علاوہ پروگرام میں مختلف عوامی نمائندے اور اسپورٹس کونسل کے عہدیدار موجود تھے۔
اس موقع پر ایک کھلاڑی نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قبل ازیں میں سمجھتا تھا کہ صرف میں ہی معذور ہوں لیکن جب میں گھر سے باہر نکلا تو پتہ چلا کہ دنیا میں میرے جیسے کئی افراد معذور ہیں۔ انہوں نے اپنے پیام میں دیگر معذور افراد کو بھی کھیل کود کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا مشورہ دیا۔
سب ڈویژنل مجسٹریٹ اوڑی ہرویندر سنگھ نے کہا کہ یہاں بہتر کھیل کا مظاہرہ پیش کیا گیا جب کہ میں بھی اس طرح نہیں کھیل سکتا جس طرح معذور کھلاڑیوں نے بہترین انداز میں کھیلا ہے۔ انہوں نے معذور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ کسی سے کم نہیں ہے‘۔
اس موقع پر ایک آرمی افسر نے بھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ایسے کھیل کے مقابلوں سے ڈپریشن کے شکار دیگر معذورین کو مدد ملے گی اور انہیں فائدہ ہوگا۔