جموں وکشمیر میں ڈی ڈی سی انتخابات کے ساتویں مرحلے کے تحت آج حاجن سی انتخابی نشست پر پولنگ ہوئی ۔ضلع بانڈی پورہ کا علاقہ حاجن سیکیورٹی کے لحاظ سے کافی حساس علاقہ تصور کیا جاتا ہے اور سال 2016 کے بعد یہاں عسکری سرگرمیاں کافی دیکھنے کو ملی تھی۔ تاہم اس دفعہ ڈی ڈی سی انتخابات میں حاجن انتخابی نشست میں رائے دہندگان کی اچھی خاصی تعداد نے انتخابات میں حصہ لیا اور یہاں ووٹروں میں کافی جوش و خروش دیکھنے کو ملا۔
ڈی ڈی سی انتخابات سے حاجن سی کے لوگوں کی کیا ہیں امیدیں وابستہ - ڈی ڈی سی انتخابات کے ساتویں مرحلے
ضلع بانڈی پورہ کے حاجن سی کے لوگوں میں ڈی ڈی سی انتخابات کے سلسلے میں کافی جوش و خروش دیکھنے کو ملا۔وہیں ووٹروں کا کہنا ہے کہ وہ ان امیدوار کو ووٹ دیں گے جو علاقے میں تعمیر و ترقی کے ساتھ بنیادی سہولیات مہیا کرائیں گے۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کئی ووٹرز کا کہنا تھا کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں تعمیر و ترقی چاہتے ہیں اسی وجہ سے وہ اپنے ووٹ کا استعمال کررہے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ حاجن سوناواری کے مختلف مضافات میں پسماندگی کافی عروج پر ہے۔ یہاں سڑکیں ویران ہیں، پانی کی شدید قلت ہے، جبکہ بجلی کے حوالے سے بھی لوگوں کو کافی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ انہی جیسے بنیادی مسائل کے ازالے کے لئے اپنے ووٹ کا استعمال کررہے ہیں تاکہ وہ ایسے امیدوار کا انتخاب کریں جو ان کے علاقے کی تعمیر و ترقی کریں اور اسے بہتر بنانے کی صلاحیت رکھتا ہو ۔