بانڈی پورہ کے شیر کشمیر اسٹیڈیم میں قریباً ایک ہفتے تک جاری رہنے والا گرلز اسپورٹس فیسٹیول ایک رنگا رنگ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اس فیسٹیول کا اہتمام فوج کی 14 راشٹریہ رائفلز نے فریڈم آف اسپرٹ کے تحت کیا تھا، جس میں بانڈی پورہ ضلع کے علاوہ جموں و کشمیر کے دیگر اضلاع کے سات سو لڑکیوں نے حصہ لیا تھا۔
بانڈی پورہ: گرلز اسپورٹس فیسٹیول اختتام پذیر اس پروگرام کی افتتاحی تقریب میں 14 راشٹریہ رائفلز کے سی او نے بتایا کہ 'لڑکیوں کو کھیل کود میں بہت کم مواقعے فراہم کئے جاتے ہیں۔ خاص طور پر کووڈ کے دوران اس میں اور بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین حلقوں کی مانگ کے بعد فوج نے اس سال لڑکیوں کے لیے پروگرام منعقد کئے جس میں گرلز فیسٹیول بھی شامل ہے۔
اس پروگرام کے انعقاد پر لڑکیوں نے فوج کا شکریہ ادا کیا اور اس طرح کے دیگر پروگرامز کرانے کی اپیل کی۔ فیسٹیول میں والی بال، ٹھگ آف وار، ایتھلیٹکس جیسے اہم ایونٹس کرائے گئے تھے۔ اس دوران شائقین کی بڑی تعداد موجود رہی۔
والی بال میں ایک زبردست مقابلے کے بعد گاندربل کی ٹیم نے بارہمولہ کی ٹیم کو ہرادیا۔ جیتنے والی ٹیم کو 25 ہزار روپیے اور رنر اپ ٹیم کو 15 ہزار روپیے کے نقد انعام سے نوزا گیا۔
جب کہ ٹھگ آف وار مقابلے میں بھی گاندربل کی ٹیم ہی فاتح رہی اور اس مقابلے کے فائنل میں اس نے بانڈی پورہ کی ٹیم کو ہرادیا، اور 15 ہزار روپیے کا کیش پرائز حاصل کیا۔
والی بال کے کھیل میں بہترین کھلاڑی بارہمولہ کی صفا منظور قرار دی گئی۔ انہوں نے پانچ ہزار روپیے کا نقد انعام حاصل کیا۔ جب کہ بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والی بسما رشید ٹریک اینڈ فیلڈ یا ایتھلیٹکس کی بہترین کھلاڑی قرار دی گئی۔ انہوں نے کئی ایک ایونٹس میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور انہوں نے پانچ ہزار روپیے کا نقد انعام حاصل کیا ہے۔
مزید پڑھیں:وادی میں بھی ابھر رہے ہیں نوجوان فلم ساز
اختتامی تقریب پر کمانڈر تین سیکٹر آر آر بریگیڈر مہیشور سنگھ، سی او 14 آر آر پرنو جوشی، ڈی سی بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد، ایس ایس پی بانڈی پورہ محمد زاہد ملک کے علاوہ دیگر کئی افسران موجود تھے۔ فیسٹول میں مختلف زمروں میں بہترین کارکردگی دکھانے والی ایتھلیٹس میں انعامات اور اسناد تقسیم کیے گئے۔
اس موقع پر بریگیڈیر مہیشور سنگھ نے کہا کہ اب وقت کے ساتھ ساتھ کھیل کود میں خواتین کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی تازہ مثال حال ہی منعقد کیے گئے ٹوکیو اولمپک گیمز ہیں، جہاں خواتین نے بھی اس طرح سے ملک کا نام روشن کیا جس طرح سے مرد کھلاڑیوں نے کیا۔