’’اورنگ آباد ضلع میں کووڈ19 سے فوت ہونے والوں کی شرح فیصد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، نیز کورونا وائرس کو شکست دےکر روبہ صحت ہونے کی شرح میں بھی خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح کووڈ19 سے متاثر ہو کر اسپتالوں میں داخل ہونے کی شرح بھی دن بدن کم ہو رہی ہے، اور یہ سب ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت و پولیس اور عوام کے تعاون اور مشترکہ کوششوں کی بدولت ممکن ہوا ہے، جس کے لیے سب قابل مبارک باد ہیں۔‘‘ ان باتوںکا اظہار ریاستی وزیر برائے طبی تعلیم امیت دیشمکھ نے کیا۔
ضلع کلکٹر آفس میں کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے کی جا رہی کوشیشوں کے ضمن میں ایک جائزہ میٹنگ میں شرکت کے بعد منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیت دیشمکھ نے بتایا کہ ’’اورنگ آباد شہر اور ضلع میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد اب کم ہو رہی ہے اور شفایاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔‘‘
انہوں نے بتایا کہ ’’اورنگ آباد میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد مہاراشٹرا کے دوسرے اضلاع کے مقابلے میں سب سے اچھی 90 فی صد ہے، اسی طرح شرح اموات بھی ابتداء کے مقابلے میں اب کم ہو کر 2.2 فی صد پر آگئی ہے۔ اسے اور کس طرح کم کیا جا سکتا ہے، اس پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔‘‘
مزید پڑھیں:اورنگ آباد: بغیر ماسک گھومنے والوں سے 30 لاکھ کا جرمانہ وصول