ریاست مہاراشٹر کے اورنگ آباد کی رہنے والی باصلاحیت صباحت خان ایوب خان جو یونائٹیڈ کنگڈم کے شیفیلڈ ہالم یونیورسٹی میں صحت عامہ میں پوسٹ گریجویشن کر رہی ہیں، اس باحجاب لڑکی نے شیفیلڈ ہالم یونیورسٹی میں کل 6,900 ووٹوں میں سے 2,500 سے زیادہ ووٹ حاصل کیے اور انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس آفیسر منتخب ہوئیں۔ شیفیلڈ ہالم یونیورسٹی میں انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس آفیسر کی حیثیت سے منتخب ہونے والی دنیا کی پہلی مسلم طالبہ کا شرف بھی صباحت خان کو حاصل ہے۔ یہ کامیابی صرف صباحت خان یا ان کے والد کی ہی کامیابی نہیں ہے، بلکہ شہر اورنگ آباد کے ساتھ ساتھ بھارت کے لئے بھی یہ باعث فخر ہے۔ Hijab-Wearing Woman from Aurangabad Becomes Student Union Leader in UK University
انسان کی قابلیت نہ صرف اپنا راستہ خود بنالیتی ہے بلکہ کامیابی بھی حاصل کر لیتی ہے۔ اورنگ آباد کی ایک ہونہار باصلاحیت صباحت خان ایوب خان نے اس حقیقت کو عملی طور پر ثابت کر دکھایا۔ اورنگ آباد شہر کی عارف کالونی کے ایک گھر میں صباحت ایک ایسی پاکیزہ خوشبو بن کر اٹھی جس نے یونائٹیڈ کنگڈم ( یو کے ) کو بھی معطر کر دیا۔ یو کے کے شیفیلڈ ہالم یونیورسٹی کی اسٹوڈنٹس یونین انتخابات میں صباحت بحیثیت انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس آفیسر منتخب ہوئیں۔
شیفیلڈ ہالم یونیورسٹی کی تمام فیکلٹیز میں ہزاروں کی تعداد میں طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں۔ ان میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس کی تعداد ہزاروں میں ہے۔ شیفیلڈ ہالم یونیورسٹی کل 6,900 ووٹوں میں سے 2,500 سے زیادہ ووٹ لے کر صباحت خان جیت گئیں۔ آئی ایس او انتخاب میں صباحت خان ایوب خان نے اپنی مدمقابل انگریز امیدوار کو ہرا کر نمایاں کامیابی حاصل کی۔ صباحت خان نے شیفیلڈ ہالم یونیورسٹی میں گزشتہ سال ہی ایم ایس سی ان پبلک ہیلتھ مکمل کیا۔ یونیورسٹی کے وضع کردہ اصولوں کے مطابق انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس آفیسر منتخب ہونے کے سبب صباحت خان کو یونیورسٹی کے بورڈ آف گورننس کمیٹی میں بھی بحیثیت رکن شامل کیا گیا ہے۔