اورنگ آباد ضلع کے وزیر رابطہ اور مہاراشٹر کے کانگریسی قائد و ریاستی وزیر برائےطبی تعلیم امیت دیشمکھ سے آج اورنگ آباد میں جب ایک پریس کانفرنس میں اس ضمن میں سوال پوچھا گیا کہ نجی اسپتالوں میں 80 فیصد بستروں کا کنٹرول حاصل کرنے احکامات دے کر دو ہفتے گزر چکے ہیں اس سلسلے میں کیا پیش رفت ہوئی تو وزیر موصوف صرف یہ یقین دلاتے رہے کہ "جلد ہی یہ کام ہو جائے گا "
امیت دیشمکھ آج اورنگ آباد ضلع کے دورے پر آئے تھے اس دوران انھوں نے کوورنا وائرس کے تناظر میں اخباری نمائندوں سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ " میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ آنے والے کچھ دنوں میں کووڈ-19 مریضوں کے علاج کے لیے خانگی اسپتالوں کے بستر مہیا کر دیے جائیں گے"۔ انھوں نے بتایا کہ اج ہی انھوں نے ضلعی انتظامیہ ضلع کلکٹر اور علاقائی کمشنرسے اس ضمن میں بات کی ہے کہ جلد از جلد یہ کام کیا جائے۔
بڑے خانگی اسپتالوں میں عام اور متوسط طبقے کے افراد کو کوویڈ-19 علاج کے لیے شریک دواخانہ نہیں کیا جا رہا ہے اور ٹال مٹول کا رویہ اختیار کر کے انھیں دوسرے دواخانوں میں جانے کا مشورہ دے کر باہر کا راستہ دکھا یا جا رہا ہے، اسی کے ساتھ ساتھ ان سے بہت زیادہ فیس وصول کی جا رہی ہے۔ اس ضمن میں پوچھےگیے ایک سوال پر کہ شہر کے ایم جی ایم اور دھوت اسپتالوں میں مریضوں کے ساتھ اس طرح کا سلوک کیا جا رہا ہے ، تو انھوں نے کہا کہ اس سلسلےمیں خیال رکھا جائے گا کہ اسپتال ایسا نہ کریں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ کے لیے حکومت مہاراشٹرا نے ایک بڑا اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ وہ کوویڈ -19 مریضوں کے علاج کے لیے چیریٹی ٹرسٹوں کے زیر انتظام نجی اسپتالوں میں 80 فیصد تک بستروں کا کنٹرول حاصل کرے گی۔21 مئی کو کیے گئے اس فیصلے کے مطابق ماہ اگست کے اختتام تک 3 ماہ کے لیے ان اسپتالوں پر حکومت کا کنٹرول ہوگا۔ اور حکومت نے تقریباً 270 غیر کوویڈ-19 امراض اور دیگر جراحیوں کے لیے بھی فیس کی حد مقرر کر دی ہے ۔ اسی طرح ان 80 فی صد بستروں کے لیے بھی باقاعدہ سرکاری نرخوں کا اطلاق ہوگا ، جبکہ اسپتالوں کو بقیہ 20 فیصد بستروں کے لئے اپنے معاوضے طے کرنے کی اجازت ہوگی۔