ریاست مہاراشٹر کے ضلع اورنگ آباد شہر میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی آخری رسومات ادا کرنے میں پی ایف آئی پیش پیش ہے۔
کورونا وبا میں پوپولر فرنٹ آف انڈیا کی خدمات نا قابل فراموش پچھلے دو ماہ میں 'پی ایف آئی' نے تین درجن سے زائد افراد کی تجہیز و تدفین انجام دی ہیں، پی ایف آئی کی یہ خدمت مذہب اور ذات سے اوپر اٹھ کر انسانیت کی ایک بہترین مثال ہے۔
آپ کو بتا دیں کہ ان لاک ون کے بعد بھی کورونا وبا کا خوف ہر طرف پھیلا ہوا ہے، ایسے میں کورونا وائرس وبا کے سبب ہلاک ہونے والوں کی تدفین ایک بڑا مسئلہ ہوتا ہے۔
ایسے میں اگر پاپو لر فرنٹ آف انڈیا سامنے نہیں آتی تو یقینا اورنگ آباد میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تدفین اور ان کے آخری رسومات کی ادائیگی کا مسئلہ کافی پریشان کن ہوتا۔
میت کے غسل سے لے کر ان کی نماز جنازہ تک کا پورا خیال پاپولر فرنٹ آف انڈیا نے انجام دیا ہے، مصیبت کی اس گھڑی میں پی ایف آئی کے کارکنان بلامعاوضہ یہ خدمات انجام دیں رہے ہیں۔
پاپولرفرنٹ آف انڈیا کے کارکنوں کا کہنا ہیکہ اب تک اورنگ آباد میں تین درجن سے زائد ہلاک شدگان کی آخری رسومات کی ادا ئیگی کی گئی ہے اسی طرح پونہ میں بھی ایک سو کے قریب افراد کی آخری رسومات ادا کی گئی۔