اس موقع پر انتخابات کے دوران ہوئے تجربات اور مستقبل کی صف بندی کا نقشہ کھینچا گیا اور اس بات کا عزم کیا گیا کہ میونسپل کارپوریشن انتخابات خصوصاً اورنگ آباد کی کارپوریشن میں مجلس کا پرچم لہرانے کے لیے ہرممکن کوشش کی جائے گی۔
مجلس اتحاد المسلمین کی یوتھ کانفرنس یاد رہے کہ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں ایم آئی ایم نے 44 سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے تھے جن میں دو سیٹوں پر مجلس کو کامیابی ملی، جبکہ اورنگ آباد کے دو اسمبلی حلقوں میں مجلس کے امیدوار دوسرے نمبر پر رہے۔
ایم آئی ایم کی یوتھ کانفرنس میں مجلس کے ریاستی صدر و رکن پارلیمان امتیاز جلیل نے انتخابات کی تمام تر ذمہ داری قبول کی ساتھ ہی اس بات کا عزم کیا کہ اورنگ آباد کی میونسپل کارپوریشن میں مجلس کے پرچم لہرائیں گے'۔
اس کانفرنس میں مجلس کی خامیوں سمیت سیاسی مخالفین کے پروپگنڈے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ مزید مجلس کے کارکن کو یہ باور کروایا گیا کہ شکست ضرور ہوئی ہے لیکن مجلس کی مقبولیت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، ووٹ کا تناسب بڑھا ہے جو روشن مستقبل کی علامت ہے۔
اورنگ آباد میں مجلس کے امیدواروں کی معمولی فرق سے ناکامی پر مجلس کارکن میں مایوسی کا ماحول دیکھا جارہا تھا، اس کانفرنس کے ذریعے ان غلط فہمیوں کے ازالہ اور مجلس کارکن میں نیا جوش بھرنے کی کوشش کی گئی۔ اس کے ساتھ ہی سیاسی مخالفین کو بھی اپنے انداز میں ایک پیغام دینے کی کوشش کی گئی ۔ لیکن یہ کوشش کہاں تک کامیاب ہوتی ہے، اس کا اندازہ کارپوریشن انتخابات میں ہی لگ جائے گا ۔