ریاست مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں میں ناجائز تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات جڑ پکر چکی ہیں۔ ہر علاقے میں اوپن اسپیس، پبلک پراپرٹی اور کارپوریشن الاٹ زمینوں پر جا بجا زمین اور سیاسی مافیاؤں نے قبضہ جما لیا ہے۔ کارپوریٹرز و سابق کارپوریٹرز اور الیکشن میں ہارے ہوئے عوامی نمائندوں نے اپنے ماں باپ اور دادا، پردادا اور دیگر کئی اداروں کے نام پر عوامی جگہوں پر غیرقانونی تعمیرات کرکے قبضہ کر لیا ہے۔
جب کبھی سماجی تنظیمیں اور بیدار عوام ان مسائل پر آواز بلند کرتی ہیں یا کارپوریشن میں شکایات کی جاتی ہیں تو کارپوریشن اسے ٹال مٹول کر دیتی ہے یا پولیٹیکل پریشر کی وجہ سے اس کام میں لمبی دیری کردی جاتی ہے تاکہ شکایت کنندگان تھک ہار کر خاموشی اختیار کرلیں۔ شہر مالیگاؤں کے رسول پورہ علاقے سے تعلق رکھنے والے انور ہلال نامی 32 سالہ نوجوان جو کہ ایک تاجر ہیں۔ گزشتہ کچھ ماہ سے غیرقانونی تعمیرات کے خلاف مسلسل کارپوریشن کا چکر لگا رہا ہے۔