جنوبی ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ سے تقریباً 7 کلومیٹر کی دوری پر واقع بٹ محلہ سن براری کے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ مذکورہ علاقے کے لوگ پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی Shortage of Drinking Water کو لے کر کئی دہائیوں سے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، اگرچہ محکمۂ جل شکتی Jal Shakti Department نے علاقے میں کئی سال قبل ایک منصوبے کے تحت پانی کی پائپ لائن نصب کی تھی، تاہم مذکورہ پائپ لائن سے پانی کبھی کبھار ہی آتا ہے، جس کی وجہ سے مقامی لوگ گزشتہ کئی دہائیوں سے شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
250 کنبوں پر مشتمل راج بٹ محلہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں نہ صرف برف باری کے ایام میں پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، بلکہ موسم گرما میں بھی مذکورہ علاقے کے چشمے سوکھ جانے کے نتیجے میں مقامی لوگ مختلف ندی نالوں کا آلودہ پانی پینے کے لیے مجبور ہوتے ہیں۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ علاقے میں گزشتہ کئی دہائیوں قبل محکمۂ جل شکتی نے ایک منصوبہ کے تحت پائپ لائن بچھائی تھی، تاہم علاقے کے لوگوں کو مذکورہ پائپ لائنوں سے کبھی کبھار ہی پینے کا صاف پانی فراہم کیا جاتا ہے، لوگوں کا کہنا ہے کہ راج بٹ محلہ اور اس سے ملحقہ دیگر کئی علاقوں کی خواتین کو دور جدید میں بھی کافی مسافت طے کر کے اسی چشمے سے پانی حاصل کرنا پڑ رہا ہے۔