اننت ناگ : جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ میں کانگریس پارٹی کی جانب سے ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں کانگریس صدر وقار رسول، پارٹی کے سابق صدر اور کانگریس کے سینئر رہنما غلام احمد میر کے علاؤہ متعدد کانگریسی رہنماؤں نے شرکت کی، جبکہ اجلاس میں سیکڑوں کی تعداد میں کانگریس کارکنان موجود تھے۔
اس موقع پر مقررین نے مرکزی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں ریاستی درجہ بحال کرے، کانگریس کے رہنماؤں نے اپنی تقریر میں کہا ہے کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر کے لوگ مختلف پریشانیوں کا سامنا کر رہے ہیں، اُس دن سے لے کر تاحال لوگوں کی پریشانیاں کم ہونے کے بجائے مزید بڑھتی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ملک میں تعمیر و ترقی کی راہیں ہموار کی تھی، جموں وکشمیر میں خوشحالی لائی تھی۔ انہوں نے پارٹی ورکروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ کانگریس کو زمینی سطح پر مضبوط کریں تاکہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں کانگریس بھاری اکثریت کامیاب ہو۔