اننت ناگ:پی ڈی پی کے 23 ویں یوم تاسیس کے موقع پر اننت ناگ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پی ڈی پی کے سرکردہ رہنما سرتاج مدنی، فاروق احمد اندرابی، محبوب بیگ سمیت جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں سے پارٹی کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
اس تقریب میں پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی پی کے سینئر رہنماؤں نے کہا کہ مرحوم مفتی محمد سعید نے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لیے پارٹی کی داغ بیل نہیں ڈالی، بلکہ انہوں نے جموں و کشمیر کے لوگوں کی بقا، ان کے وقار کو بلند کرنے، امن و امان قائم کرنے اور ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پی ڈی پی کا وجود عمل میں لایا۔ یہاں کے لوگ بخوبی واقف ہیں کہ مرحوم کے دور اقتدار میں جموں و کشمیر میں سبھی کے لیے کس طرح سے کام کیا گیا۔ وہ ایسی سیاسی شخصیت تھے جو اقتدار کے پیچھے نہیں دوڑتے تھے بلکہ اقتدار ان کے پیچھے دوڑتا تھا۔