سیاحتی مقام پہلگام ان دنوں سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بنا ہوا ہے۔ اگرچہ وادیٔ کشمیر سیاحتی مقامات سے مالا مال ہے، تاہم شہر آفاق پہلگام سیاحوں کی پسندیدہ جگہ رہی ہے۔ اس لیے ملکی و غیر ملکی و مقامی سیاح لاکھوں کی تعداد میں ہر برس پہلگام آتے ہیں اور یہاں کی خوبصورتی سے خوب لطف اندوز ہوتے ہیں۔
دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد کی صورتحال اور کووڈ-19 لاک ڈاؤن کی وجہ سے وادی کے دیگر سیاحتی مقامات سمیت پہلگام کی سیاحت کافی متاثر ہوئی۔ سیاحت سے وابستہ لاکھوں افراد کی روزی روٹی پر نمایاں اثر پڑا اور انہیں مالی بدحالی کا شکار ہوکر گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم آہستہ آہستہ صورتحال میں بہتری آتے ہی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے جس کی وجہ سے سیاحت سے جڑے افراد پُرامید نظر آرہے ہیں۔ گزشتہ کئی روز سے خاص کر صبح و شام کے اوقات میں یہاں درجۂ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے جس سے موسم سرما کا احساس ہونے لگا ہے۔ تاہم اس کے باوجود سیاحوں کی خاصی تعداد پہلگام کا رخ کررہی ہے۔ ملکی و مقامی سیاح پہلگام کے خوبصورت مقامات، آڑو، بیتاب وادی، چندن واڑی و دیگر سیاحتی مقامات سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔