جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں جاری جن جاتیہ گورو سپتاہ کوکرناگ میں اختتام پذیر ہوئی۔کوکرناگ میں منعقدہ اس اختتامی تقریب میں ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی) چیئرمین،محمد یوسف گورسی،اے سی پی، متعلقہ تحصیلدار اور بی ڈی او موجود تھے۔
اننت ناگ: میگا جنجاتیہ گورو سپتاہ کی تقریبات اختتام پذیر اس موقع پر پہاڑی طبقہ سے وابستہ رہنماؤں کی خدمات کو یاد کرنے کے لیے ایک ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ڈی سی چیئرمین نے بھارت کی ترقی میں قبائلی اور پہاڑی طبقہ سے وابستہ افراد کی فلاح و بہبود کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کی سراہنا کی۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام کا انعقاد مختلف عوامی فلاحی اقدامات کے بارے میں لوگوں کو بیدار کرنے کا ایک مفید ذریعہ ہے۔ ڈی سی اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا نے کہا کہ ضلع انتظامیہ نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ ضلع میں قبائلی اور پہاڑی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ اس سلسلے میں ضلع کے اعلیٰ افسران ہفتے میں دو بار دور دراز علاقوں کا دورہ کر کے لوگوں کی شکایات درج کرتے ہیں۔اے سی پی اننت ناگ نے کہا کہ ضلع انتظامیہ نے ان تقریبات کے ذریعے مختلف عوامی فلاح و بہبود کے اسکیموں سے آگاہ کیا ہے،جن سے پہاڑی و قبائلی لوگ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات کے حقوق کے قانون کے تحت لوگوں کو ان کے حقوق سے واقف کرانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔اس مناسبت سے اننت ناگ، پہلگام، چھترگل اور کوکرناگ میں چار بڑی تقریبات منعقد کی گئیں۔تقریبات کا اہتمام بڑے جوش و خروش سے کیا گیا اور اس میں قبائلیوں کے ساتھ ساتھ دیگر لوگوں کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی۔