ماگم سنبراڑی شاہراہ کی کشادگی کے کاموں کا گزشتہ سال پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت آغاز کیا گیا تھا جسے آج عام لوگوں کے لیے کھول دیا گیا۔ ماگم سنبراڑی کے لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک کو کشادہ کرنے کے لیے وہ کئی عرصہ سے مطالبہ کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ برفباری کے ایام میں شاہراہ تنگ ہونے کے باعث نہ صرف راہگیروں کو بلکہ گاڑیوں کے گذرنے میں بھی کافی دقتیں پیش آتی تھیں، جبکہ چلہ کلان کی ٹھٹھرتی سردیوں کے دوران مذکورہ سڑک پر پھسلن پیدا ہوجاتی، جس کی وجہ سے اکثر سڑک پر چلنے والی گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکراتی تھی۔
ماگم سنبراڑی سڑک کی کشادگی، شاہراہ کو عوام کے لیے کھول دیا گیا
جنوبی ضلع اننت ناگ کے حلقہ انتخاب کوکرناگ کے ماگم سنبراڑی اور اس سے وابستہ کئی علاقوں کے ہزاروں لوگوں نے آج راحت کی سانس لی۔ ان علاقوں کو جوڑنے کے لیے اگرچہ پہلے ہی رابطہ سڑک تعمیر کی گئی تھی تاہم شاہراہ تنگ ہونے کے باعث کئی بار سڑک پر حادثات رونما ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں کئی جانیں ضائع ہوئی ہیں اور متعدد گاڑیوں کو شدید نقصان بھی پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ یہ شاہراہ ماگم سنبراڑی کو دیگر کئی مضافاتی علاقوں سے جوڑتی ہے جبکہ اس سڑک سے ہر روز سینکڑوں افراد گذرتے ہیں۔ سڑک کو کشادہ کرنے کے تعمیراتی کام پر بھی مقامی افراد نے اطمنان کا اظہار کیا۔ مقامی افراد نے پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تمام افسران کا بھی شکریہ ادا کیا۔
- یہ بھی پڑھیں:کوکرناگ: ریچھ کے حملے سے شہری ہلاک
اس موقع پر پی ایم جی ایس وائی کے اسسٹنٹ انجینیئر سعید آصف حسین نے ای ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے لوگ شاہراہ کو کشادہ کرنے کا مطالبہ کررہے تھے جسے پورا کرنے کی غرض سے پی ایم ایم جی ایس وائی کے تحت سڑک کو کشادہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ رابطہ سڑک پر تعمیراتی کام مکمل ہوگیا ہے اور اب سڑک کو لوگوں کے لیے کھول دیا گیا ہے، اس سے لوگوں کو آسانی ہوگی۔