جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے حلقہ انتخاب کوکرناگ کے ناگ پتی اندرون ساگم میں پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کے باعث گنجان آبادی کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
معلومات کے مطابق محکمہ جل شکتی نے مذکورہ علاقے میں کئی سال قبل ایک منصوبے کے تحت پانی کی پائپ لائن نصب کی تھی، تاہم مذکورہ علاقہ میں پانی کی سپلائی کبھی کبھار ہی دکھائی دیتی ہے۔
ڈیڑھ سو کمبوں پر مشتمل ناگ پتی کے لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں نہ صرف برف باری کے ایام میں پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، بلکہ موسم گرما میں بھی مقامی لوگ مختلف ندی نالوں کا پانی پینے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ مذکورہ علاقے میں ایک قدرتی چشمہ موجود ہے، تاہم اُس چشمہ سے بھی قلیل مقدار میں پانی دستیاب ہوتا ہے، جبکہ مذکورہ چشمہ میں سال بھر پانی دستیاب نہیں رہتا، اور سال کے مختلف موسم میں چشمہ سوکھ جاتا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ علاقے میں محکمہ جل شکتی نے رواں برس مارچ کے ماہ میں ایک منصوبے کے تحت علاقے کی مشکلات کا ازالہ کرنے کے لئے ایک اور اسکیم کی شرعات کی۔